پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سازشی بیانیے سے محض دستبرداری کافی نہیں، تمہیں جھوٹ کا جواب دینے کے ساتھ قوم اور ریاست سے معافی مانگنی ہو گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ امریکی سازشی بیانیہ سے دستبرداری، واشنگٹن سے دوستی عمران کا میگا یوٹرن ہے، وہ سائفر کو بنیاد بنا کر 7 ماہ پاکستانی قوم کے جذبات سے کھیلتے رہے، انہوں نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری، خودداری اور سالمیت کو داؤ پر لگایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو دنیا میں تنہا اور رسوا کر کے تماشا بنادیا، انہوں نے سائفر ہاتھ میں ہلا ہلا کر جھوٹ بولا اور قوم کو بیوقوف بنایا، کیا تم نے ریاست کو کھلونا اور قوم کو بھیڑ بکریوں کا ریوڑ سمجھ رکھا ہے؟
حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ایک دن امریکی سازشی بیانیہ دوسرے دن سپریم کورٹ سے تحقیقات کا مطالبہ، یہ جھوٹ، ڈرامے بازی اور منافقت نہیں چلے گی، آپ کا محاسبہ ضروری ہے، نیا پاکستان، ریاست مدینہ، غلامی نامنظور، حقیقی آزادی کے جھوٹے نعروں پر قوم مزید اعتماد نہیں کرے گی۔
Comments are closed.