امریکی خاتون اول جِل بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ امریکی عوام پر منحصر ہے کہ وہ جوبائیڈن کے ساتھ استحکام یا سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ انتشار اور افراتفری میں سے کیا منتخب کرتے ہیں۔
جمعرات کو عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں جِل بائیڈن نے کہا کہ ان کے شوہر صدر جوبائیڈن نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ دوبارہ منتخب ہونے کے مستحق ہیں۔
جِل بائیڈن نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو جوبائیڈن کی عمر دیکھنے کی ضرورت ہے، آپ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ انہوں نے کیا حاصل کیا ہے، وہ اس وقت کیا کر رہے ہیں اور وہ امریکا کے لوگوں کے لیے کیا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اور بائیڈن کی انتظامیہ دونوں بہت مختلف ہیں اور یہ دونوں بھی بہت مختلف رہنما ہیں، اس ملک نے جو کچھ دیکھا اس سے میں نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ پچھلی انتظامیہ افراتفری اور الجھنوں سے بھری ہوئی تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق 72 سالہ جِل بائیڈن خاتون اول ہونے کے ساتھ ساتھ ماں، دادی اور استانی بھی ہیں۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں ان میں سے کسی کو ترک نہیں کر سکتی اور نہ ہی صرف کسی ایک کو منتخب کر سکتی ہوں۔
Comments are closed.