بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکہ: ہلاکت خیز حملے کو 20 برس مکمل

واشنگٹن: 20 برس قبل آج ہی کے دن امریکہ کے شہر نیویارک میں دہشت گردی کی وہ کارروائی ہوئی تھی جس نے دنیا کا منظر نامہ ہی بدل کر رکھ دیا،  نائن الیون کے نام سے مشہور ہونے والے واقعے میں 2 ہزار 996 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے وہ 11 ستمبر 2001 کی تاریخ اور منگل کا دن تھا جب خودکش حملہ آوروں نے چار امریکی مسافر بردار طیارے اغوا کر کے انہیں نیویارک اور واشنگٹن میں اہم مقامات سے ٹکرانے کے منصوبے پر عمل کیا۔

9/11

رپورٹس کے مطابق ان میں سے تین طیارے تو اپنے مقررہ اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور ایک ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی گر کر تباہ ہو گیا، ان حملوں کو نائن الیون حملوں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے جبکہ ان میں تین ہزار کے قریب افراد مارے گئے اور یہ حملے نہ صرف امریکیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے 21ویں صدی کے اذیت ناک ترین واقعات میں ایک قرار دیا جاتا ہے۔

امریکہ ، 11 ستمبر 2001 کو 19 دہشت گردوں نے 4 کمرشل طیاروں کو اغوا کیا، صبح 8 بجکر 46 منٹ پر دہشت گردوں نے پہلا طیارہ نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں موجود ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی عمارت سے ٹکرایا۔

ٹھیک 17 منٹ بعد ایک اور طیارہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے جنوبی ٹاور سے ٹکرا گیا اور 9 بجکر 37 منٹ پر دہشت گردوں نے پینٹاگون کی عمارت پر طیارہ گرایاجبکہ دہشتگرد چوتھے طیارے سے مطلوبہ ہدف کو نشانہ نہ بنا سکے اور طیارہ پینسلوانیہ میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

واضح رہے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 2 ہزار 750، پینٹاگون میں 184 اور پنسلوانیہ میں 40 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ ان تمام واقعات میں 19 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب نائن الیون کے ذمہ داروں کو سبق سکھانے کے لیے امریکا نے افغانستان پر حملہ کردیا، القاعدہ سے تعلق کا الزام لگا کر طالبان کی حکومت گرادی اور اپنی مرضی کے حکمران مسلط کیے جو 20 برس بعد افغانستان سے فرار ہوگئے۔

خیال رہے ان حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں خالد شیخ محمد اور اس کے چار ساتھیوں پر اب بھی مقدمہ چل رہا ہے، الزام ثابت ہونے کی صورت میں تمام ملزمان کو سزائے موت ہوسکتی ہے۔

You might also like

Comments are closed.