بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکہ میں پکڑی جانے والی ‘انسانی’ دانتوں والی مچھلی

امریکہ میں پکڑی جانے والی ‘انسانی’ دانتوں والی مچھلی

مچھلی

،تصویر کا ذریعہJENNETTE’S PIER

امریکہ میں ایک شخص نے ایک ایسی مچھلی پکڑی ہے جس کے دانت انسانی دانتوں جیسے نظر آتے ہیں۔ اس مچھلی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

شمالی کیرولائنا کے علاقے نیگز ہیڈ میں مچھلیاں پکڑنے کے ایک مقام جینیٹس پیئر کے فیس بک پیج پر اس مچھلی کی تصویر رواں ہفتے شیئر کی گئی تھی۔

اس کی شناخت بطور شیپس ہیڈ فش ہوئی ہے جن میں شکار کو دبانے کے لیے مولر دانتوں یا داڑھ کی کئی صفیں ہوتی ہیں۔ بظاہر مچھلی کو یہ نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ اس کا منہ بھیڑ کے منہ جیسا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مچھلی کو نیتھن مارٹن نامی شخص نے پکڑا جو اکثر اس مقام پر مچھلیاں پکڑنے آتے رہتے ہیں۔

مارٹن کا کہنا ہے کہ وہ شیپس ہیڈ فش ہی پکڑنے آئے تھے جب ان کا سامنا ‘دانتوں سے بھرے منہ’ والی اس مچھلی سے ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

مکلاچی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘جب آپ مچھلی پکڑنے کے لیے کوشش کر رہے ہوتے ہو تو یہ بہت اچھی لڑائی ہوتی ہے۔ اس مچھلی کو پکڑنا بہت اچھا رہا اور اس کا ذائقہ بہت مزے دار تھا۔’

فیس بک پر اس پوسٹ میں بگ ٹیتھ بگ ٹائمز کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا جس پر لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے پوچھا کہ ‘کیا مصنوعی دانت یہاں سے آتے ہیں؟’

ایک دوسرے صارف نے اس پر مزاحیہ تبصرے میں کہا ‘اس مچھلی کے دانت تو میرے دانتوں سے بہتر ہیں۔’

ایک صارف نے بتایا کہ شیپس ہیڈ فش نایاب نہیں۔ ‘وہ اپنے ان دانتوں کی مدد سے شیل فش کھاتی ہیں۔’

تاہم بعض لوگ اس تصویر کو فوٹو شاپ کہہ کر اسے تسلیم نہیں کر رہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.