امریکہ میں طوفانی بگولوں کا غیر معمولی سلسلہ: متعدد ریاستوں میں تباہی، 26 افراد ہلاک

امریکہ

،تصویر کا ذریعہReuters

  • مصنف, ایلیس ڈیویز اور تھامس مکینٹوش
  • عہدہ, بی بی سی نیوز

امریکہ کی متعدد ریاستوں میں طوفانی بگولے اپنے پیچھے تباہی کی داستان چھوڑ گئے ہیں جس میں اب تک کم از کم 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

طوفان کے باعث کئی مکانات تباہ ہوئے جبکہ ہزاروں افراد اس وقت بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی خبر کے مطابق اب تک تقریبا 60 بگولے رپورٹ ہو چکے ہیں اور موسم کی خرابی کی وجہ سے آرکنساس، ٹینیسی، الینوئے، انڈیانا، ایلابامہ اور مسیسیپی کی ریاستوں میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ایک ایسا ہی طوفان آرکنساس ریاست کے وائن قصبے میں تباہی مچاتا ہوا گزرا جو ریاستی دارالحکومت لٹل راک سے تقریبا 100 میل دور ہے۔

ایشلے مکملن نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ ایک چھوٹے سے باتھ روم میں چھپ گئی تھیں جہاں انھوں نے اپنے کتوں کو بھی پناہ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بگولا ان کے گھر کے پاس سے گزرا تو ’ہم ایک دوسرے کو الوداع کہہ رہے تھے کیوں کہ ہمیں لگا کہ ہم مرنے والے ہیں۔‘

ان کے گھر پر ایک درخت آ گرا جس کی وجہ سے کافی نقصان ہوا لیکن وہ سب بچ گئے۔

امریکہ

،تصویر کا ذریعہReuters

خبر رساں ادارے اے پی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم گھر کو ہلتا ہوا محسوس کر رہے تھے، ہمیں بلند آوازیں آ رہی تھیں، برتن بج رہے تھے اور پھر ایک دم سب کچھ پرسکون ہو گیا۔‘

آرکنساس ریاست کی گورنر سارہ ہکابی سینڈرز نے جمعے کے دن ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا اور نیشنل گارڈز کو امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک کیا تھا۔

گورنر کا کہنا تھا کہ انھوں نے امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے اور صدر نے وفاقی حکومت کی جانب سے امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جیسے جیسے طوفان کا رخ مشرق کی جانب ہو رہا ہے، متعدد ریاستوں میں لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔

امریکی ویب سائٹ پاور آوٹیج کے مطابق ورجینیا، اوہائیو اور پنسلوینیا کی ریاستیں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

امریکہ

،تصویر کا ذریعہEPA

اس سے قبل جمعے کے دن آنے والے طوفان کی تباہی سے الینوئے ریاست میں بیلویڈیئر نامی شہر میں موسیقی کے کنسرٹ کے دوران ایک تھیٹر کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔

حالیہ تباہ کن طوفان سے صرف ایک ہفتہ قبل مسیسیپی میں ایسی ہی تباہی سے 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جمعے کے دن امریکی صدر جو بائیڈن نے متاثرہ مقام کا دورہ بھی کیا تھا۔

ادھر طوفان کی پیش گوئی کرنے والے مرکز نے خبر دار کیا ہے کہ چند بگولے بہت زیادہ فاصلے تک پراثر رہ سکتے ہیں۔

گذشتہ ہفتے مسیسیپی میں آنے والے بگولے نے تقریبا 60 میل تک سفر کیا تھا جو ایک گھنٹا اور 10 منٹ تک جاری رہا تھا۔ یہ کسی بھی طوفان کے لیے غیر معمولی حد تک طویل عرصہ ہے اور اس نے دو ہزار مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

BBCUrdu.com بشکریہ