امریکی ریاست کینٹکی میں ’تاریخ کے بدترین طوفانی بگولے‘ میں 50 سے زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ
امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر نے کہا ہے کہ گذشتہ رات طوفان اور تیز ہواؤں کے بگولوں میں 50 سے زیادہ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
اینڈی بیشیر نے کہا ہے کہ اموات کی تعداد 100 تک بھی ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ یہ ریاست کی تاریخ کے بدترین طوفانی بگولے ہیں۔
میفیئر ٹاؤن میں موم بتی بنانے والی ایک فیکٹری کے اندر درجنوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دیگر ریاستوں میں ان طوفانوں سے کم از کم پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔ ریاست الینوائے میں ایمازون کے ایک ویئر ہاؤس میں ایک ہلاکت کی اطلاع ہے۔
اینڈی بیشیر نے کینٹکی میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب طوفان آیا تو میفیئر کی فیکٹری کے اندر 100 سے زیادہ افراد تھے۔ ’ہمیں ڈر ہے کہ ہم نے ان میں سے کم از کم درجنوں کو کھو دیا ہے۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ریاست کے مغربی حصے میں اس طوفان سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ شیرف میٹ سینڈرسن نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ہاپکنز کاؤنٹی میں تیز ہواؤں سے ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
ان کا کہنا ہے کہ طوفان کے دوران دو بچوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ان بچوں کو ڈھونڈ لیا گیا تھا اور یہ معلوم ہوا کہ وہ اسی باتھ ٹب میں ہیں جسے تیز ہوا نے گھر سے باہر کھینج لیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ یہ دو بچے بارنسلے کے علاقے میں لاپتہ ہوئے تھے اور وہ اسی باتھ ٹب میں ایک دوسرے علاقے سے ملے جو گھر سے دور تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی الینوائے میں ایڈورڈزوِل نامی علاقے میں موجود ایمازون کمپنی کا ویئر ہاؤس بھی جمعے کی شب اس طوفان سے متاثر ہوا۔
یہ غیر واضح ہے کہ اس ویئر ہاؤس کی چھت گرنے سے کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں مگر مقامی ایمرجنسی سروسز نے فیس بک پر اسے کافی نقصان دہ واقعہ کہا ہے۔
الینوائے میں پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔
سارہ بیئرمین کا کہنا ہے کہ ان کے پارٹنر اب تک لاپتہ ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے آج رات آٹھ بجے کے قریب ان سے بات کی تھی۔۔۔ وہ اپنی وین چھوڑنے کے لیے ویئر ہاؤس واپس جا رہے تھے۔ اس کے بعد سے میرا ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔‘
’میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا تاکہ دیکھ سکوں کہ کیا ہو رہا ہے۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ عمارت اس قدر بُری حالت میں ہوگی۔ میں بہت پریشان ہوں۔ مجھے یہ پتا کرنا ہے کہ کیا ان کی حالت ٹھیک ہے۔‘
الینوائے کے گورنر نے ٹویٹ میں کہا کہ وہ ایڈورڈزول کے لوگوں کے لیے دعاگو ہیں۔ ’میں نے میئر سے رابطہ کیا ہے تاکہ ریاستی وسائل فراہم کیے جاسکیں۔‘
ایمازون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال اور نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ریاست ٹینیسی میں ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان ڈین فلینر نے کہا ہے کہ شمال مغربی علاقوں لیک کاؤنٹی میں دو اور اوبئن کاؤنٹی میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔ انھوں نے اب تک مزید معلومات فراہم نہیں کی ہے۔
ریاست آرکنساس میں کریگ ہیڈ کاؤنٹی کے جج مارون ڈے کا کہنا ہے کہ ان طوفانوں کے بعد ایک نرسنگ ہوم میں 20 لوگ پھنس گئے تھے اور اس کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بچا لیا گیا تھا مگر یہ عمارت اب مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
Comments are closed.