امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا، پروسیجرل ووٹ منظور ، بل اب ایوان نمائندگان میں پیش کیا جائے گا۔
ایوان میں کارروائی سے متعلق قرارداد 187 کے مقابلے میں 241 ووٹوں سے منظور کرلی گئی، ووٹ منظور کیے جانے سے بل پر بحث کا آغاز ہوگیا ہے اور اس پر ووٹنگ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
قرض کی حد اکتیس اعشاریہ چار کھرب ڈالر تک محدود رکھنے کو معطل کیے جانے کا بل کچھ دیر میں ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
ایوان میں 213 ڈیموکریٹس اور 222 ری پبلکنز اراکین ہیں تاہم 29 ری پبلکنز کو بل پر اعتراض ہے۔
اس طرح بل منظور کرنے کے لیے ری پبلکنز کو حریف ڈیموکریٹس کی بھی حمایت درکار ہے۔
ایوان نمائندگان کے ری پبلکن اسپیکر کیون مک کارتھی کا کہنا ہےکہ بل پر ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے ہوگی اور یہ منظور کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون سازی کر لی گئی تو قرض کی حد یکم جنوری سن دوہزار پچیس تک معطل کردی جائے گی۔
اسطرح نومبر سن دو ہزار چوبیس میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں اس معاملے پر سیاست نہیں چمکائی جاسکے گی۔
Comments are closed.