پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تاریخ بتاتی ہے جب امریکا، پاکستان نے مل کر کام کیا ہمیشہ فائدہ ہوا، ہم امریکا کی دوستی چاہتے ہیں غلامی قبول نہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف امریکا کو ہر صورت قبول کرتے ہیں، عمران خان امریکا کے سامنے ملک کا سودا نہیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنی سمت درست کرنی چاہیے، 17 جولائی کو انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، ہمارے جو حالات ہیں یہ گزشتہ 40 سال کا نتیجہ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اللّٰہ نہ کرے ایسے حالات ہوں لیکن ہم سری لنکا جیسےحالات کی جانب جارہے ہیں، عمران خان نے قوم کو ان حالات سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، پیٹرول، ڈیزل اور خوردنی اشیاء کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جو ووٹرز اور ان کا ضمیر خریدنے کی کوشش کرتا ہے اسے انکار کرو۔
Comments are closed.