اعلیٰ چینی سفارتکار وینگ ای کا کہنا ہے کہ امریکا کو کسنجر کی طرح سفارتی سمجھ بوجھ کی ضرورت ہے۔
امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر ان دنوں بیجنگ کے دورے پر ہیں، انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کے سفارتکار وینگ ای سے ملاقات کی۔
منگل کو کسنجر نے چین کے وزیر دفاع لی شینگ فو سے بھی ملاقات کی تھی جن پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔
چین کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر دفاع نے ہینری کسنجر کی تعریف کی جنہوں نے 1970 کی دہائی میں چین اور امریکا کے تعلقات بحال کروائے تھے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات بہت کم سطح پر آچکے ہیں جس کی وجہ امریکا کے کچھ لوگ ہیں جو چین جیسی نصف کوشش بھی نہیں کر رہے۔
خیال رہے کہ امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد چین نے امریکا کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تعلقات منقطع کردیے تھے جس کے بعد سے اب تک ان تعلقات میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
100 سالہ سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر ایسے وقت میں چین کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب امریکی صدر جو بائیڈن کے مشیر برائے ماحولیات جان کیری بھی چین میں موجود ہیں۔
واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اسے کسنجر کے دورہ چین کے متعلق معلوم ہے لیکن وہ حکومت کی نمائندگی نہیں کر رہے۔
Comments are closed.