پاکستان میں تعینات نئے سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے لیے پاکستان میں بطور سفیر امریکا کی نمائندگی کرنا باعث اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات کی ابتدا 75 برس قبل پاکستان کے آزادی حاصل کرنے کے فوراً بعد ہوئی۔
سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم مشکلات سے بھری دنیا میں رہتے ہیں، ہم مل جل کر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ان مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پُرامید ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات کی ایک شاندار تاریخ اور روشن مستقبل ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ کراچی سے لاہور، پشاورسے گلگت بلتستان اور درمیان کے تمام مقامات کو مزید جاننے کا منتظر ہوں۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ آج میں نے پہلی بار پاکستان کے تاریخی جگمگاتے ٹرک آرٹ کا مشاہدہ کیا، ٹرک آرٹ اور پاکستان میں اس فن سے وابستہ فنکاروں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ جگمگاتے ٹرک نرالے انداز میں سواری کا ذریعہ ہیں۔
ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ امید ہے آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں آپ میں سے بعض لوگوں کے ساتھ ملاقات ہوگی۔
Comments are closed.