بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکا: ویسٹرن اور کلارک گریبس پانی پر چلنے کی صلاحیت رکھنے والے سب سے وزنی پرندے

امریکا کے مغربی ساحلی علاقوں اور جھیلوں میں پائے جانے والے ویسٹرن اور کلارک گریبس نامی پرندے پانی پر چلنے کی صلاحیت رکھنے والے دنیا کے سب سے وزنی جانور یا پرندے کہلائے جاتے ہیں۔

یہ اپنے بڑے پیروں اور تیزی سے چلنے کی وجہ سے پانی پر 20 میٹر تک بھاگ سکتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ واحد پرندہ یا بھاری جانور ہے جو پانی پر اس انداز میں تیزی سے بھاگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صرف مٹھی بھر مخلوق ہی پانی پر چلنے یا دوڑنےکی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان میں بھی زیادہ تر بہت چھوٹے سے کیڑے یا مکھیاں ہی ہوتی ہیں۔ ان کے علاوہ چھپکلی کی ایک قسم ہے جو کہ ایسا کرسکتی ہیں۔ 

لیکن ان سب میں سب سے وزنی ویسٹرن اور کلارک گریبس نامی پرندے ہی ہیں جو کہ پانی پر چل سکتے ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق یہ پانی کی سطح پر سات سیکنڈ تک بھاگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور سب سے دلچسپ امر یہ ہے ان کی یہ صلاحیت افزائش نسل کے دوران نر اور مادے کے ملاپ کے دنوں میں ہوتی ہے اور اس موقع پر یہ دورانیہ 20 منٹ تک بڑھ جاتا ہے۔

 واضح رہے کہ ان پرندوں کا عمومی طور وزن ڈیڑھ سے 4 پاؤنڈ تک ہوتا ہے۔ طویل عرصے تک ان کی یہ صلاحیت ماہرین کی نگاہوں سے اوجھل رہی، لیکن 2015 میں امریکی سائنسدانوں نے جدید کیمروں سے ریکارڈ کی گئی ایک فوٹیج کا تجزیہ کیا تو یہ بات سامنے آئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.