امریکا کی ریاست اوہائیو میں گھر میں موجود 2 سالہ بیٹے سے غلطی سے گولی چل گئی جس سے اس کی حاملہ ماں ہلاک ہوگئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے پیش آئے واقعے میں 8ماہ کی حاملہ 31 سالہ لورا ایلگ کو کمر میں گولی لگی اور بعد ازاں وہ ہلاک ہوگئی۔
پولیس چیف کا کہنا ہے کہ خاتون نے گولی لگنے کے بعد پولیس کو کال کر کے بتایا کہ وہ 33 ہفتوں کی حاملہ ہے اور اس کے 2 سالہ بچے نے غلطی سے اس کی کمر میں گولی مار دی ہے۔
پولیس چیف کے مطابق اہلکاروں نے گھر پہنچنے کے بعد خاتون کو اسپتال منتقل کیا جہاں بچے کو بچانے کےلیے آپریشن کیا گیا تاہم کامیابی نہ مل سکی اور کچھ دیر بعد اس کی ماں بھی اسپتال میں دم توڑ گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس کے گھر پہنچنے پر خاتون ہوش میں تھی جس نے بتایا کہ وہ کپڑے دھونے میں مصروف تھی اور اسی دوران نا جانے کیسے اس کا بچہ عام طور پر بند بیڈروم میں داخل ہوا اور اس نے بندوق سے کھیلنا شروع کر دیا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق جس گن سے فائرنگ کی گئی اس کے علاوہ گھر سے دیگر 2 بندوقیں بھی ملی ہیں جس کے بارے میں خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ اس کی ہیں۔
Comments are closed.