امریکا میں مقیم پاکستانی ایتھلیٹ نے لانگ ڈسٹنس اور میراتھن مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کردی۔ کہتے ہیں کہ بیرون ملک ٹریننگ سے مستفید ہونے والے ایتھلیٹس بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
34 سالہ عمر سعید گزشتہ 20 سال سے امریکا میں مقیم ہیں۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عمر سعید میراتھن رنر ہیں اور حال ہی میں امریکا میں ہونیوالی میراتھن ریس میں انہوں نے فاصلہ 2 گھنٹہ 22 منٹ اور 41 سیکنڈز میں طے کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی تھی۔
جیو نیوز کو انٹرویو میں عمر سعید نے کہا کہ جس طرح فٹبال اور بیس بال میں اوورسیز پلیئرز کو موقع مل رہا ہے، ویسے ہی ایتھلیٹکس میں بھی ملنا چاہیے۔
لانگ ڈسٹنس ایتھلیٹ نے مزید کہا کہ وہ انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں اور خواہش ہے کہ پاکستان میں نوجوان میراتھن رنرز کےلیے ایک مثال قائم کریں۔
Comments are closed.