پیر 22؍ذیقعد 1444ھ 12؍جون2023ء

امریکا: سابق کپتان سرفراز احمد کے اعزاز میں پروقار تقریب

امریکا کے شہر ڈیلس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں سرفراز احمد پاکستانی کمیونٹی میں گُھل مِل گئے اور کرکٹ سے متعلق حاضرین کے سوالوں کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔

سرفراز احمد کے اعزاز میں فرینڈز آف کشمیر کی چئیرپرسن و کنیکٹنگ ڈاٹس کی روح رواں غزالہ حبیب نے ایک تقریب سجائی جس میں پاکستان کے قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری نے بھی خصوصی شرکت کی۔

صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس سلمان تابانی، رکن بورڈ آف ٹرسٹی برکت بسریا، کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر عامر قریشی سمیت ڈیلس میں بسنے والے امریکی پاکستانیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر حاضرین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امریکا میں کرکٹ کے فروغ اور بڑھتی ہوئی دلچسپی قابل تعریف ہے، اگر انہیں موقع ملا تو وہ امریکا آ کر ضرور کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کرکٹر کیلئے اپنے ٹیلنٹ کو دکھانے کے بہت سے مواقع ہوتے ہیں، ٹیم کی کپتانی شرط نہیں، میں اپنے ملک کیلئے کھیلتا ہوں، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کپتانی کروں یا نہیں، میں پرفارمنس پر یقین رکھتا ہوں۔

اس موقع پر حاضرین کی فرمائش پر سرفراز احمد نے ایک خوبصورت نعت بھی سنائی۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے سرفراز احمد سے آٹو گراف لئے، ساتھ خوب سلفیاں بھی بنوائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.