امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارت اور کاروباری امور دلاور سید نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کے 75 سال مکمل ہوگئے، امریکا دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے فروغ کی کوششیں جاری رکھے گا۔
دلاور سید نے ان خیالات کا اظہار کراچی کے نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق بھی ہمراہ تھے۔
امریکی نمائندہ خصوصی کو انکیوبیشن سینٹر میں اپنے کام میں مصروف مختلف آجروں نے اپنے اسٹارٹ اپس کے بارے میں معلومات دیں۔
دلاور سید نے اس موقع پر سوالات بھی کیے اور ماضی میں امریکہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے بھی زیر گفتگو رہے۔
بعد ازاں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مذاکرہ ہوا۔ جس میں دلاور سید سمیت ایل ایم کے ٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اور بانی عاطف رئیس خان اور آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید اکبر زیدی شامل رہے۔
دلاور سید کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ایک مضبوط دوست کا کردار ادا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ کئی شعبوں میں پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔ لیکن یہ کام پردے کے پیچھے ہو رہا ہے، ہمیں ان کہانیوں کو بتانا ہے تاکہ لوگ حقائق کو سمجھ سکیں۔
Comments are closed.