امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کرگئے، وہ نوبیل انعام یافتہ سفارتکار تھے اور انکی عمر سو برس تھی۔
ہنری کسنجر امریکا کے انتہائی متنازع مگر قابل احترام سفارتکاروں میں سے ایک تھے، ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہنری کسنجر آخری وقت تک انتہائی فعال رہے، وہ وائٹ ہاؤس میں میٹنگز میں بھی شریک ہوتے رہے تھے۔
سابق وزیر خارجہ نے کئی کتابیں لکھیں جن میں سفارتکاری اور قیادت سے متعلق امور پر غیرمعمولی امور زیر بحث لائے گئے تھے۔
سن 2023 میں ہنری کسنجر نے بیجنگ کا غیر معمولی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی تھی۔
انیس سو ستر میں وہ صدر رچرڈ نکسن کے دور میں وزیر خارجہ تھے اور انہوں نے اس وقت چین کا دورہ کیا تھا جس کی وجہ سے امریکا اور چین کے تعلقات کی راہیں کھلی تھیں۔
ہنری کسنجر ہی کی بدولت امریکا اور روس کےدرمیان ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے سے متعلق بات چیت ممکن ہوئی تھی اور اسرائیل کے عرب ممالک سے تعلقات میں بھی وہی پیش پیش تھے۔ پیرس امن معاہدے میں بھی ان کا کردار تھا۔
Comments are closed.