
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد گیس بحران تاریخی سطح پر پہنچ چکا ہے، موسم گرما ہو یا سرما عوام کو گیس کی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ بروقت ایل این جی درآمد کرلی ہوتی تو عوام کو موجودہ حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، مشیر خزانہ ایل این جی بروقت درآمد نہ کرنے کی حکومتی نااہلی تسلیم کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے اب بھی اتنی گیس نکل رہی ہے کہ پورے ملک کی ضرورت پوری ہوسکتی ہے، وفاق کی جانب سے مقامی گیس کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج بھی وزراء کو چیلنج ہے گیس کیلئے ذخائر کی تلاش اور تقسیم سندھ حکومت کے حوالے کی جائے، وفاقی حکومت کو سندھ سمیت پورے ملک کی ضرورت کو پورا کرکے دکھائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال گیس کی کم لوڈشیڈنگ ہوئی ہے، سردیوں میں گیس پر بہت بات ہوتی ہے، قلت آج سے نہیں گزشتہ 10،15 برس سے ہے، اس سال تو گیس کی لوڈشیڈنگ کم ہوئی ہے۔
Comments are closed.