پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن 11 فروری سے آگے نہیں جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار بہرحال الیکشن کمیشن کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے روایت سامنے رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو صدر سے مشاورت کےلیے کہا ہے۔ اب اس مشاورت کی کتنی پابندی ہے یہ قانون بتائے گا، میرے پاس اس کا جواب نہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 11 فروری سے آگے الیکشن نہیں جانا چاہیے، حلقہ بندیوں کے سارے مراحل دسمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل ہوجائیں گے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات کےلیے تیار ہے۔ ہم نے پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دے دیا ہے۔
اس سے قبل سینٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا عوام کےلیے قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہم قانونی معاملات سلیکٹڈ بینچ کے سامنے رکھے جاتے تھے، چیف جسٹس نے سارا بینچ بٹھایا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ قانون بنانا پارلیمان کا اختیار ہے، آئین نے قانون بنانے کا اختیار سپریم کورٹ کو نہیں دیا۔ آج سپریم کورٹ نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
Comments are closed.