جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

الیکشن کی تاریخ تبدیل کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کی جائے: ن لیگ کامطالبہ

مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن سے 8 فروری کی پولنگ کی تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کا مطالبہ کر دیا۔

رہ نما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مراسلہ بھیج دیا۔

اسحاق ڈار کے مراسلے کے ذریعے مسلم لیگ ن نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے 2 روز کی توسیع مانگ لی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے ملک بھر میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے شروع کر دیے۔

اسحاق ڈار کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے صرف 3 دن دیے گئے ہیں جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 7 دن مختص کیے گئے ہیں۔

مراسلے میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں، کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سی بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مراسلے میں کہا ہے کہ دستاویزات مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہو جاتے ہیں۔

مراسلے میں ن لیگ کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے الیکشن کمیشن کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کرے۔

اسحاق ڈارکے مراسلے میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن 8 فروری کی پولنگ کی تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.