منگل17؍جمادی الثانی 1444ھ10؍جنوری2023ء

الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہائی کورٹ فیصلے کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی تاریخ 17 جنوری تھی جس کو رولز کے خلاف آج مقرر کر کے فیصلہ دیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن کمیشن کے ان بونے ممبران کا ایک اور جانبدار فیصلہ ہے، اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے۔

دوسری جانب پکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور میرے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا الیکشن کروانے کا کام کرنے کے بجائے ان کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخاب نہ کروا کر الیکشن کمیشن خود توہینِ عدالت کا مرتکب ہوا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہینِ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہینِ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی اوربینچ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.