الیکشن کمیشن آف پاکستان کے توشہ خانہ فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔
رجسٹرار آفس نے اپیل واپس لینے کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کی، جس میں کہا گیا کہ اپیل واپس لینے کی درخواست پہلے بھی زیر التوا ہے نئی دائر نہیں ہو سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اپیل لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے پر واپس لینے کی درخواست کی، الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2022 کو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی، الیکشن کمیشن نے بعد ازاں نوٹس جاری کر دیا کہ کیوں نہ پارٹی چیئرمین شپ سے بھی ہٹایا جائے، الیکشن کمیشن کا پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں لارجر بینچ بننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل واپس لینے کی درخواست دی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل واپس لینے کی درخواست پر تا حال فیصلہ نہیں ہو سکا، اپیل واپس لینے کی درخواست میں تاخیر سے بنیادی آئینی حقوق متاثر کیے جا رہے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اپیل واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنا درخواست خارج کرنے کے مترادف ہے، استدعا ہے اپیل واپس لینے کی درخواست منظور کی جائے۔
Comments are closed.