جمعرات یکم رمضان المبارک 1444ھ23؍مارچ2023 ء

الیکشن کمیشن کا پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنا ناقابل قبول ہے، سراج الحق

Sirajul Haque

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنا ناقابل قبول ہے، ادارہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے فیصلہ کرے، کسی سیاسی پارٹی کے پریشر میں آئے بغیر الیکشن کمیشن غیرجانبداری کا ثبوت دے اور اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ  پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات کرائے جائیں تاکہ سیاسی بے یقینی ختم ہو، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی قربانی دے، مرکزی اور سندھ اسمبلی تحلیل کرکے نگران حکومتیں قائم کی جائے، سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام سٹیک ہولڈرز شفاف انتخابات کے لیے مذاکرات کریں۔

امیر  جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کرے، مہنگائی نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا، 14سیاسی جماعتوں کی حکومت 11ماہ کی کارکردگی صفر ہیں، یہ لوگ عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکے، پی ٹی آئی نے پونے چار سال برباد کیے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا سٹیٹس کو کے محافظ، تینوں کی پالیسیاں یکساں، لڑائی کرسی اور مفادات کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور قوم کے لیے امید کی کرن ہے، اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر منشور پر سوفیصد عمل درآمد کریں گے۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور اسلامی، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان کا خاکہ ہے، عوام نے موقع دیا تو منشور میں کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، گورننس میں بہتری اور کرپشن کا خاتمہ کر کے معیشت کو مضبوط کیا جائے گا، پارلیمنٹرینز کی استعدادکار بڑھانے کے لیے تربیتی اکیڈمی قائم کی جائے گی، الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی لحاظ سے خودمختار بنائیں گے، قومی مالیاتی کمیشن اور صوبوں میں تقسیم کے فارمولے پر نظرثانی ہو گی۔

You might also like

Comments are closed.