وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی مردم شماری کے نتائج نوٹیفائی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اگلے انتخابات پرانی مردم شماری کے تحت ہوں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نئی مردم شماری میں کچھ مسائل پیدا ہوگئے ہیں اس لیے نوٹیفائی نہیں ہو رہی، نتائج نوٹیفائی نہ کرنے سے الیکشن کمیشن پرانی مردم شماری پر ہی الیکشن کروانے کا پابند ہوگا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کا بھی یہی موقف ہے وہ بھی نئی مردم شماری کے نتائج سے غیرمطمئن ہے، اتحادی جماعت تو نئی مردم شماری کو تسلیم ہی نہیں کرتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جو مردم شماری کے نتائج آئے ہیں، ان پر بھی بڑے اعتراض ہیں، نئی مردم شماری پر سب کا اتفاق بھی ضروری ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ مردم شماری پر فوری فیصلہ ملک میں متنازع صورتحال پیدا کرسکتا ہے، نگراں حکومت کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نگراں حکومت سے متعلق بالکل کام کررہے ہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر اور اپنے اتحادیوں سے بھی مشاورت کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کا بتائیں کس جماعت سے تعلق رہا ہے؟ نگراں حکومت پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کا اتفاق ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کابینہ تو نگراں وزیراعلیٰ نے ترتیب دی ہے، بتادیں دونوں صوبوں میں کس نگراں وزیر نے کس جماعت سے الیکشن لڑا ہے؟
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ محسن نقوی اور اعظم خان کا کسی جماعت سے تعلق نہیں، گورنر غلام علی پر اگر کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں انکوائری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن قریب آگیا ہے ہر کسی کو اپنا بیانیہ بنانا ہے، تمام صوبائی اور قومی حلقوں پر ن لیگ کا امیدوار ہونا چاہیے، پہلے ایسا ہوتا رہا ہے کہ مختلف حلقے خالی رہے 2018 میں بھی رہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جہانگیر ترین، علیم خان، عون چوہدری اور اسحاق خاکوانی کے ساتھ کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئی پی پی کے رہنماؤں کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، اگر سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر جائیں گے تو یہ 3، 4 لوگوں کی پارٹی رہ جائے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ذاتی خیال ہے کہ ن ليگ پنجاب میں کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرے، حتمی فیصلہ تو پارٹی کا پارلیمانی بورڈ ہی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوچھتا ہوں کیا پہلے یہ بیانیہ نہیں بنایا کہ گرفتاری ریڈ لائن ہوگی، کیا زمان پارک میں لوگوں کو پیٹرول بم بنانے کی تربیت نہیں دی گئی؟
وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کو اکسانا، گمراہ کرنا، جذباتی کرنا سب چیزیں آن ریکارڈ ہیں، بتائیں 9 مئی کا پلان اگر زمان پارک میں بنا تو کرنے والا پھر کون ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ اگر سارا کچھ ہی زمان پارک میں ہوا ہے تو پھر یہ ہی ماسٹر مائنڈ ہے، اگست میں اسمبلی مدت پورا کرے گی، اس کے بعد نگراں حکومت آئےگی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نگراں حکومت آکر آئین کے مطابق 60 یا 90 دن میں الیکشن کرائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ڈیلیور کرنا ہے تو ہمیں پنجاب میں اپنی اکثریت پر حکومت بنانی چاہیے، مرکز میں بھی حکومت جو بھی جماعت بنائے اپنی اکثریت سے بنائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتہ اعظم خان کی فیملی کو پوری خبر ہے اور وہ مطمئن ہیں، اگر اعظم خان کی فیملی مطمئن نہیں تو ہمارے پاس آنا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان فیملی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ آرام کررہے ہیں، میری معلومات کے مطابق وہ جہاں بھی ہیں، بڑے خوش ہیں۔
Comments are closed.