امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ ساری دنیا حیران ہے 9 لاکھ ووٹ والی جماعت ہار گئی اور ساڑھے 3 لاکھ والی جیت گئی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو کئی پیغامات دیے تھے، پی پی کی تاریخ دھاندلی اور خرید و فروخت سے بھری پڑی ہے۔ الیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات سے قبل اور بعد میں خط لکھا، جواب نہ آیا۔ ادارے عوام کو ان کے حقوق دلوانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی الیکشن ہے تو یہ عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت پوری طرح پھنس چکی ہے۔ پیپلز پارٹی کا مقصد ایک میئر کے الیکشن میں کامیابی نہیں تھا۔ پیپلز پارٹی کا مقصد پہلے بھی کرپشن تھا آج بھی کرپشن ہے۔
سراج الحق نے کہا اب یہ کرپشن راج نہیں چلے گا۔ جماعت اسلامی اس ملک میں انصاف چاہتی ہے۔ قوم سے وعدہ کرتا ہوں کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نیب، سپریم کورٹ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان ظالموں کا احتساب نہیں کیا۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے پیسے مانگ کر یہ حکمران پیسے قوم کے نام پر لاتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ پتھر دل وزیراعظم پیسے مانگنے فرانس چلے گئے پر لاشیں اٹھانے کی زحمت نہیں کی۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اس ملک کو شام اور سوڈان بنانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.