ہفتہ 12؍ذوالحجہ 1444ھ یکم؍جولائی 2023ء

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2023ء کے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کیلئے درخواستیں طلب کرلیں

الیکشن کمیشن پاکستان نے عام انتخابات 2023ء میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ سیاسی جماعتیں مختص شدہ انتخابی نشان کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، درخواستیں پارٹی سربراہ کی دستخط کے ساتھ 19 جولائی تک دی جاسکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ درخواست کے ساتھ انتخابی نشانات کی ترجیحی لسٹ منسلک کی جائے، ہر درخواست پر پارٹی سربراہ کے دستخط اور سیاسی جماعت کے ہیڈ آفس کا پتہ ہونا ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ درخواست موصول ہونے پر تمام سیاسی جماعتوں کی اہلیت پرکھی جائے گی، فروری مارچ کے پنجاب، کے پی انتخابات کے لیےدرخواست دینے والی پارٹیاں دوبارہ درخواست دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نامکمل اور فیکس کے ذریعے موصول درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا، آج سے قبل انتخابی نشان کے حصول کی درخواستوں پر بھی غور نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی نشانات کے لیے 19 جولائی2023ء کے بعد ملنے والی درخواستوں پر بھی غور نہیں کیا جائے گا، درخواستوں کے ساتھ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 206 کا منسلکہ حلف نامہ لازمی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.