اتوار 22؍جمادی الثانی 1444ھ15؍جنوری 2023ء

الیکشن کمشنر سندھ کی وفاقی وزیر داخلہ کے بیان کی تردید

سندھ کے الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے حلقہ بندیوں سے متعلق بیان کی تردید کر دی۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی آئینی ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔

اعجاز انور چوہان نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں قانون کے مطابق کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیاں کی گئیں۔

الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مکمل آزاد ادارہ ہے جو تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں۔

اعجاز انور چوہان نے یہ بھی کہا ہے کہ ووٹرز کسی خوف کے بغیر گھر سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی تھی، الیکشن کمیشن پہلے بھی حلقہ بندیوں پر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرسکا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ حلقہ بندیوں کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پہلے بھی حلقہ بندیوں پر اپنی ذمے داری پوری نہیں کر سکا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.