بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الیکشن نتائج ہم مان رہے، پیوٹن، ٹرمپ نہیں مان رہے: شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سیاسی طور پر زندہ ہیں، افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، پیوٹن اور ٹرمپ نہیں مان رہے، ہم الیکشن نتائج مان رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئندہ الیکشن پی ٹی آئی اور نون لیگ کے درمیان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی، ہمیں ایسی اپوزیشن ملی جو آپس میں اپوزیشن ہے، جوتیوں میں دال بانٹ رہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کا منشور ہے کہ چوکیدار کا کردار ادا کرتے ہوئے ہر ایک کا احتساب کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جہانگیر ترین کے مسئلے کو حساس ترین قرار دیدیا۔

انہوں نے کہا کہ جتنے ووٹ علی اسجد ملہی نے لیئے وہ ثبوت ہے کہ عمران خان کا بیانیہ مضبوط ہے، ڈسکہ میں پی ٹی آئی ہار کر بھی جیتی ہے کیونکہ جمہوریت جیتی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پیوٹن اور ٹرمپ نہیں مان رہے، ہم الیکشن نتائج مان رہے ہیں، ہم ہار کر بھی سر فخر سے بلند رکھتے ہیں کہ ہمیں اتنے ووٹ ملے۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، میرا دل گواہی دیتا ہے کہ یہ لوگ کہیں نہیں جا رہے، پی ٹی آئی میں ہی رہیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ عثمان بزدار کا سکہ مضبوط ہے، عمران خان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیرِ اعظم نے چینی، آٹے سمیت تمام مافیاؤں کو للکارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کپتان ہیں، جو سیاست میں تمام مافیاز سے لڑ رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزیدکہا کہ ایف آئی اے میرے تابع ہے، شہزاد اکبر جو کام کر رہے ہیں انہیں کرنے دیں۔

شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے میرے تعلقات بہت اچھے ہیں، وہ جو بات کرتی ہے اس پر پہرہ دیتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.