پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ بارشوں کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کرائے گئے، الیکشن ملتوی کرانا سسٹمیٹک دھاندلی ہے۔
انہوں نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف الیکشن کمشنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، منصوبے کے تحت بلدیاتی الیکشن ملتوی کرائے گئے، الیکشن کمیشن کو ٹیکس پیئر کے پیسے ضائع ہونےکا احساس نہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے عدالتوں کے چکر اور الیکشن کمیشن کی منت سماجت کرتے رہے، سندھ میں عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں، آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی بل میں ترمیم کے لیے آواز اٹھائی، ترمیم تو نہ ہوئی اور نہ ہی چیف جسٹس کے احکامات پر عمل درآمد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بلدیاتی امیدواروں کو سندھ میں اغواء کیا گیا، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو پتہ تھا کہ دونوں جماعتیں ناکام ہوں گی، دونوں جماعتیں کو پی ٹی آئی کے میئر سے خوف تھا۔
خرم شیر زمان کا مزید کہنا ہے کہ تمام ڈی آر اوز کے پاس بیلٹ پیپرز آ چکے ہیں، ڈی آر او بیلٹ پیپرز پر جعلی ٹھپے لگا کر بیلٹ باکس میں ڈالیں گے، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے خلاف عدالتوں میں جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج شام 4 بجے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے، جو جماعتیں ان کے خلاف ہیں وہ احتجاج میں شریک ہوں۔
Comments are closed.