اتوار 9؍صفر المظفر 1445ھ27؍اگست 2023ء

الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ میں صدرِ مملکت کا کوئی کردار نہیں، کنور دلشاد

الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ میں صدرِ مملکت کا کوئی کردار نہیں۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے قانون کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن نے صدر کے خط کا جواب دیا، الیکشن کمیشن کا مضبوط مؤقف یہی ہے کہ صدرِ مملکت سے مشاورت بے سود ہے۔

کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مؤقف آئین اور قانون کے مطابق درست ہے، صدرِ مملکت الیکشن کمیشن کے مضبوط مؤقف کے سامنے کوئی کارروائی کرنے کے مجاز نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خط کو وزارتِ قانون بھجوایا گیا اور وزارتِ قانون کا بھی وہی مؤقف آیا، صدرِ مملکت نے جو مشق کی ہے وہ غیر منطقی ہے جس کا آئین و قانون سے سروکار نہیں۔

صدر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ملاقات نہیں کریں گے۔

کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ سی سی آئی کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن پابند ہے کہ ازسرِ نو حلقہ بندی کی جائے، الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت ازسرِ نو حلقہ بندیوں کے لیے روڈ میپ دیا، حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا روڈ میپ 14دسمبر کو مکمل ہوگا۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے بعد ووٹر لسٹوں کا معاملہ شروع ہوگا جس میں بھی تین ماہ درکار ہیں، لگ رہا ہے کہ مارچ کے ماہ میں الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔

کنور دلشاد کا مزید کہنا ہے کہ اتنخابی شیڈول کے بعد بھی 2 ماہ لگیں گے، مجھے آئندہ عام انتخابات مئی 2024 سے پہلے ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.