جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

القادر یونیورسٹی میں حکومت کا پیسہ ہے تو واپس لے، لطیف کھوسہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے نہ عمران خان کا۔ القادر یونیورسٹی میں حکومت کا پیسہ ہے تو حکومت واپس لے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے 25، 30 نکات کی دستاویز پیش کی، اس پر تفتیش کرنی ہے۔ ہم نے نیب کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیے۔

سماعت کے دوران نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے نہ عمران خان کا۔ ہم نے عدالت کو بتایا ساری رقم برطانیہ سے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ القادر یونیورسٹی کی جو عمارت بنائی گئی وہ زمین پر موجود ہے۔ القادر یونیورسٹی میں حکومت کا پیسہ ہے تو حکومت واپس لے۔

لطیف کھوسہ نے یہ بھی کہا کہ لوگوں نے القادر یونیورسٹی کو عطیات دینا بند کردیا ہے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا جا رہا۔ شریف فیملی کے کیسز میں نیب خاموشی اختیار کیا ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.