پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ الحمدللّٰہ اہلیہ میرے لیے خوش قسمت ثابت ہوئیں۔
افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کھلاڑیوں نے میچ سے متعلق اظہار خیال کیا ہے۔
اس ویڈیو میں حارث رؤف نے کہا کہ ظاہر ہے شادی کے بعد زندگی میں کچھ تبدیلیاں آتی ہیں، الحمدللّٰہ اہلیہ میرے لیے خوش قسمت ثابت ہوئیں، کسی بھی سیریز میں ایسی شروعات ہونا بہت ضروری اور اچھا ہوتا ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ آگے ایشیا کپ اور ورلڈکپ ہے تو اس سے اعتماد حاصل ہوگا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ شاہین آفریدی نے جس طرح نئی بال سے بولنگ کی تو مجھے انہیں دیکھ کر اعتماد ملتا ہے، جیسے وہ جلدی وکٹ لیتے ہیں تو میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 142 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.