اسرائیلی فوج نے جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بم برسادیے، جس میں 200 فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کےاسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطنیوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملے جاری ہیں، تازہ فضائی حملہ جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر کیا گیا۔
قطر کی جانب سے جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری کی مذمت کی گئی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسکولوں، اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی فوری عالمی تحقیقات ہونی چاہیے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے وسطی غزہ کے پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر بھی بم باری کی گئی، جس میں 4 افراد شہید ہوگئے۔
خان یونس میں عمارت پر اسرائیلی حملے میں بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی بمباری اور حملوں میں شہداء کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے زیاہ ہوگئی ہے۔
اسرائیل نے جنوبی علاقے سمیت پورے غزہ میں حماس کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوب میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے درست وقت کا انتظار ہے۔
اسرائیل نے مغربی کنارے پر بھی حملوں میں اضافہ کردیا، نابلس میں عمارت پر حملے میں 5 افراد شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
Comments are closed.