پشاور ہائی کورٹ نے افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے سے متعلق درخواستوں میں نادرا سے جواب طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔
افغان مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے سے متعلق درخواستوں کی سماعت جسٹس عبدالشکور اور جسٹس ارشد علی نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کا تعلق افغانستان سے اور پیدائش پاکستان میں ہوئی ہے، پاکستانی شہریت کے حامل افغان مہاجرین کے شناختی کارڈز بلاک کیے گئے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ کئی افغان مہاجرین کی پاکستانی شہریوں سے شادیاں ہو چکی ہیں، پاکستانی شہریوں سے شادی کے باوجود پی او سی کارڈ نہیں دیا جا رہا۔
لیگل ایڈوائزر نادرا شاہد عمران نے کہا کہ مہاجرین اور غیر ملکیوں میں فرق ہے۔
جسٹس عبدالشکور نے سوال کیا کہ آپ ہمیں بتا دیں کہ غیر ملکی اور مہاجرین میں کیا فرق ہے؟
شاہد عمران نے کہا کہ جینیوا کنونشن 1951ء میں اس کی وضاحت ہوئی ہے۔
جسٹس عبدالشکور نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آپ اگلی سماعت پر اس بات کی وضاحت پیش کریں۔
Comments are closed.