طالبان نے پاکستان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم نے دنیا کو باور کروایا ہے اور کروارہے ہیں کہ افغانستان سے دنیا کے کسی بھی ملک میں مداخلت نہیں ہوگی اور نہ ہی افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے تمام ممالک بشمول پاکستان، چین، ایران اور ترکمانستان کو یہ اطمینان دلاتے ہیں کہ یہاں سے کسی کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔
خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کو زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ایک اچھا ہمسایہ ہے جس کے ساتھ ہمارا تعلق باقی ہمسایوں سے زیادہ ہے۔
اس بات کو واضح کرتے ہوئے ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا مذہب ایک ہے، ثقافت ایک اور زبان بھی ایک ہے، جبکہ ان کے ساتھ ہمارا کاروبار بھی ہے۔
انہوں نے پاکستان کو یقین دلایا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ڈیورنڈ لائن یا پھر اس علاقے کی ناہمواری کی وجہ سے کوئی اس کا فائدہ اٹھائے تو اس پر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن پھر بھی ہماری سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
طالبان حکومت میں خواتین حقوق کے بارے میں سوال کے جواب میں ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ اعلان کیا ہوا ہے کہ خواتین ہمارے اجتماع کا حصہ ہیں، اسلام و شرعیت کے دائرے میں رہ کر ان کی تعلیم اور کام و کاج کے حامی ہیں۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ بیشک تعلیم خواتین کے لیے بہت ضروری ہے، اس لیے مستقبل میں ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے لائحہ عمل بنارہے ہیں اور وہ بھی بہتر انداز میں اپنے امور انجام دے سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دین اسلام میں خواتین کو جن کاموں کو کرنے کی اجازت ہے ہم بھی اسی کے حامی ہیں، خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کی تعلیم و تربیت بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ معاشرے کے دیگر لوگوں کی ہے۔
Comments are closed.