پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ افغانستان کے بیٹرز نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ کی۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ یہ ہدف ہماری ٹیم حاصل کرلے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ ٹی20 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دے دیا، افغانستان نے آخری پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 54 رنز کا اضافہ کیا۔
افغانستان نے کپتان محمد نبی اور گلبدین نائب کے 35، 35 رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 147رنز بنائے ہیں۔
افغانستان کے ان دونوں بیٹسمینوں نے آخری 7 اوورز میں کوئی وکٹ نہیں گرنے دی اور اسکور میں71 رنز کا اضافہ کیا۔
ایک موقع پر افغانستان کے 6 کھلاڑی صرف 76 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ افغانستان ٹیم 120 رنز بھی بمشکل ہی بناپائے۔
گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے افغانستان کے خلاف 5 بولرز استعمال کیے، عماد وسیم نے 2، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حسن علی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
افغان ٹیم کی وکٹیں تیزی سے گررہی تھیں تاہم دوسری طرف انہوں نے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا یہی وجہ تھی کہ آخری7 اوورز میں پریشر پاکستانی بولنگ لائن پر منتقل ہوگیا۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے بھارت کی طرح افغانستان کے دونوں اوپنرز کو جلد ہی پویلین بھیج دیا تھا اور میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی، 12 رنز پر حضرت زازئی صفر اور محمد شہزاد 8 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔
افغانستان کی تیسری وکٹ 33 کے اسکور اصغر افغان کی گری، جو 10 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔
حسن علی نے 39 کے اسکور پر رحمان اللّٰہ گُر باز کو بابراعظم کی مدد سے قابو کیا ،وہ بھی 10 ہی رنز بناسکے۔
افغانستان کی طرف سے 15 رنز بنانے والے کریم جنت کو 64 کے مجموعے پر عماد وسیم نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا جبکہ 76 کے اسکور پر22 رنز پر کھیل رہے نجیب اللّٰہ زدران کو شاداب خان نے پویلین بھیج دیا ۔
یوں افغانستان کے 6 کھلاڑی 12اعشاریہ 5 اوورز میں 76 رنز پر میدان چھوڑ گئے ، ایسے کپتان نبی محمد اور گلبدین نائب نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بولنگ لائن کی ایک نہ چلنے دی۔
Comments are closed.