وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان سے آنے والے 155 امریکیوں میں سے اس وقت صرف 42 پاکستان میں ہیں، باقی واپس چلے گئے ہیں، دیگر بھی 2 دن میں چلے جائیں گے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں موجود تمام پاکستانیوں کو نکال لیا گیا ہے، افغانستان میں حکومت بنانا افغان عوام کا حق ہے، افغان عوام کا درد کم کرنے کے لیے جو کچھ کر سکے ضرور کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو شیطان سے اتحاد کرنا پڑا تو وہ بھی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی تجاویز سامنے لے آئے اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت پہلی حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات پر بات کر رہی ہے، اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بات کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں کرتے، اپوزیشن نے بس تنقید کرنی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت میں کمی لانے کا ٹاسک دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک جیلوں میں قید 16 ہزار 272 لوگوں کو پاکستان لایا جاچکا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو لوگ افغانستان سے باہر جانا چاہتے ہیں ان کی پاکستان مدد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح ہے افغانستان سے انخلا پر مدد دی جائے گی، طورخم میں اب تک ویزا پر 2421 لوگ آئے ہیں، جبکہ چمن میں ویزا کے ذریعے 10 لوگ اب تک پاکستان آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طورخم سے آنے والوں میں 821 افغان اور 1570 پاکستانی ہیں، جو پاکستانی افغانستان میں تھے اور نکلنا چاہتے تھے ان تمام کو نکال لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے بین الاقوامی مبصرین کو نکالنے میں مدد دی۔
افغان صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومت بنانا افغان عوام کا حق ہے، افغان عوام کا درد کم کرنے کے لیے جو کچھ کر سکے ہم ضرور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی پاکستان سے جلد چلے جائیں گے۔
روس سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان پائپ لائن پراجیکٹ سے ایک نیا راستہ کھل جائے گا، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔
برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں پاکستان کے نام پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانوی ریڈ لسٹ پر وزیراعظم عمران خان نے بورس جانسن سے بات کی ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ برطانیہ پاکستان کو ریڈلسٹ سے نکالے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پاکستان میں 14 لاکھ ویکسین کے ڈوز لگائے گئے ہیں، اب 17 سال کے عمر کے افراد کو بھی ویکسین لگے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جلد مزید کم عمر بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
Comments are closed.