بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

افغانستان میں مارا گیا پاکستان دشمن تنظیم کا کمانڈر 9 سال تک کراچی پولیس میں ملازم رہا

افغانستان میں ہلاک ہونے والا پاکستان دشمن کالعدم تنظیم کا کمانڈر داؤد محسود 9 سال تک کراچی پولیس میں ملازمت کرتا رہا۔ 

 ذرائع کا کہنا ہے کہ داؤد محسود کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے جبکہ نامعلوم فائرنگ کے واقعے میں وہ چند روز قبل افغانستان کے صوبہ خوست کے علاقے گلاں کیمپ میں مارا گیا تھا۔   

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر داؤد محسود عرف لنگڑا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ داؤد محسود 2004 میں کراچی پولیس میں بھرتی ہوا تھا جہاں اس نے 9 سال تک ملازمت کی، جس کے بعد اسے 2013 میں پولیس کی ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا۔ 

ذرائع نے کہا کہ داؤد محسود کالعدم تحریک طالبان کے حکیم اللّٰہ محسود کا قریبی کمانڈر تھا، جو بعد میں کالعدم تحریک طالبان چھوڑ کر داعش میں شامل ہوگیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ ریڈ بک کے مطابق داؤد محسود پاکستان میں داعش کا سربراہ تھا، جو پاکستان میں شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.