سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر خوشی سے نہال افغان کھلاڑیوں کے ساتھ گراؤنڈ میں بھنگڑے ڈالے۔
عرفان پٹھان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہیں چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف افغانستان کی تاریخی فتح پر افغان کھلاڑیوں کے ساتھ جشن مناتے اور بھنگڑے ڈالتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ورلڈ کپ میں بطور آئی سی سی براڈ کاسٹر موجود عرفان پٹھان پاک افغان میچ کے بعد افغانستان کی ٹیم کو جیت پر مبارک باد دینے اسٹیڈیم میں پہنچ گئے اور افغان کرکٹر راشد خان سے پر جوش انداز میں گلے ملے اور بھنگڑا ڈالا۔
عرفان پٹھان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر بھی پاکستان کے خلاف افغانستان کی تاریخی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ واضح طور پر آج ایک بہتر ٹیم جیت گئی۔
سابق بھارتی کرکٹر نے افغان کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف شاندار فتح پر شاباشی بھی دی۔
اُنہوں نے ایک اور پوسٹ میں افغان کھلاڑیوں کے ساتھ بھنگڑا ڈالتے ہوئے اپنی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔
عرفان پٹھان نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ راشد خان اور میں نے اپنااپنا وعدہ پورا کر دیا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کےلیے 283 رنز کا ہدف دیا تھا جو افغانستان نے 49 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
Comments are closed.