پیر5؍رمضان المبارک 1444ھ27؍مارچ 2023ء

افغانستان سے سیریز میں شکست کے بعد مکی آرتھر کا قومی ٹیم کو مشورہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے امیدوار مکی آرتھر کا بیان سامنے آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مکی آرتھر نے نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار کرکٹرز کے ساتھ گروم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق اور محمد حارث میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن فرنچائز کرکٹ کے مقابلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر اور ذمے داریاں مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو گروم کریں انہیں وقت دیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیں، اس طرح جونوان کرکٹرز بہتر ہوں گے۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو جیسی عزت ملنی چاہیے تھی وہ نہیں ملی۔

واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنزبنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.