رمضان المبارک میں دن بھر روزہ رکھنے اور بھوک پیاس برداشت کرنے کے بعد جب افطار کا وقت ہوتا ہے تو اکثر افراد کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے دسترخوان پر قسم قسم کے لذیز پکوان اور مشروبات موجود ہوں جن سے وہ لطف اندوز ہوسکیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دن بھر بھوک پیاس برداشت کرنے کے بعد جب افطار کے وقت بدپرہیزی کی جائے تو اس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
لہٰذا اب آپ جب افطار کریں تو درج ذیل چند غذائی اشیا سے اجتناب برتیں تاکہ روزے کے آپ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔
دیکھنے میں آیا ہے کہ اگر افطار کے دسترخوان پر پکوڑے، سموسے یا رول نہ ہوں تو اسے ادھورا سمجھا جاتا ہے اور اکثر گھروں میں خواتین رمضان کی آمد سے قبل ہی سموسے اور رول بنا کر فریز کر دیتی ہیں لیکن یہ ہماری صحت کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس میں چکنائی اور سوڈیم کی مقدار روزانہ کی تجویز کردہ مقدار سے زیادہ ہوتی ہے۔
اگر رمضان میں ان کا استعمال معمول بنا لیا جائے تو آپ ہر وقت تھکاوٹ کا شکار رہیں گے۔
افطار میں اگر تازہ پھلوں کے رس کا استعمال کیا جائے تو بہتر ہے جبکہ پراسیس شدہ اور کاربونیٹیڈ مشروبات کا افطار میں استعمال صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو اس کے منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
افطار میں کاربونیٹیڈ مشروبات کا استعمال موٹاپے اور بدہضمی کی عام وجہ ہے۔
افطار کے لئے تیار کردہ تمام اشیاء میں نمک کا کم سے کم استعمال کریں کیوں کہ مختلف اقسام کے پکوان میں نمک کا استعمال روزانہ کی تجویز کردہ مقدار سے تجاوز کرسکتا ہے جس سے امراض قلب، بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔
نمک کے ساتھ ساتھ چینی یا میٹھی اشیا کا استعمال بھی کم سے کم کرنا چاہیئے کیونکہ ان میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔ اگرچہ ان کے استعمال سے جسم کو فوری توانائی حاصل ہوتی ہیں لیکن یہ توانائی عام طور پر قلیل المدتی ہوتی ہے اور بعدازاں تھکاوٹ کا احساس بڑھ جاتا ہے۔
وہ غذائی اجزاء جن میں کیفین پائی جاتی ہیں، جیسے کہ چاکلیٹ، چائے، کافی اور کولا وغیرہ، ان کا کم سے کم یا پھر اعتدال میں استعمال کرنا چاہیے۔ کیونکہ کیفین پیشاب آور ہوتا ہے اور اس کا غیر ضروری استعمال آپ کے جسم میں نمک اور پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے، جس سے پیاس کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
تاہم آپ افطار میں جو بھی کھائیں اسے آہستہ آہستہ کھائیں جلدی مت کریں، کیونکہ دن بھر بھوک پیاس برداشت کرنے کے بعد افطار میں جب آپ کا جسم یک دم غذا حاصل کرتا ہے تو یہ پیٹ میں ہوا پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے جس سے گیس سمیت معدے کے دیگر امراض کی شکایت ہوسکتی ہے۔
Comments are closed.