معروف پاکستانی کامیڈین افتخار ٹھاکر مدینے کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے رو پڑے۔
افتخار ٹھاکر نےحال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کئی مختلف موضوعات کے بارے میں گفتگو کی۔
اُنہوں نے اس پوڈکاسٹ میں اپنے مدینے کے سفر کا احوال سناتے ہوئے کہا کہ’جب میں باب السلام کی زیارت کر رہا تھا تو میرا بلڈ پریشر مسلسل کم ہو رہا تھا‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ’روضہ رسول کی زیارت کے وقت میں کانپ رہا تھا، احترام کی وجہ سے اس جگہ کو عبور کرنا میرے لیے مشکل تھا اور یہ ایسا احساس ہے جس کو میں بیان نہیں کرسکتا‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ’میں باب الجبریلؑ کا دیدار کرنے کا موقع ملنے کے بعد باب البلالؓ واپس آکر ساری رات رویا کے اللّٰہ اور رسولﷺ اتنے مہربان ہیں کہ مجھے خود ہی اپنے پاس بلا کر اپنے نعلین مبارک کی زیارت کروائی اور اس مہربانی کے لیے میں ساری زندگی اپنی سجدے میں بھی گزار دوں تو شکر ادا نہیں کرسکتا‘۔
افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ’میں مکہ اور مدینہ میں موجود تمام مقدس مقامات کا پتہ بتاسکتا ہوں مجھے وہاں کے نقشے یاد ہیں، میں 13 سال حج کے دنوں میں بطور خادِم پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے گمشدہ حاجیوں کی مدد کے لیے سعودی عرب جاتا رہا ہوں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’مدینہ کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا صرف محسوس کیا جاسکتا ہے اور جب تک آپ مدینہ میں ہیں آپ کی زندگی پر سکون رہے گی‘۔
اُنہوں نے مدینہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’میں اپنی زندگی میں اب تک تقریباََ 40 ممالک کا سفر کرچکا ہوں لیکن زمین پر مدینہ جیسی کوئی بھی دوسری جگہ نہیں ہے‘۔
Comments are closed.