جمعرات 18؍ربیع الاول 1445ھ5؍اکتوبر 2023ء

اغوا کرکے عدالت میں 164 کا بیان دلوانے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، نعیم پنجوتھا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے ترجمان قانونی امور نعیم حیدر پنجوتھا کا عثمان ڈار کے بیان سے متعلق کہنا ہے کہ اغوا کرکے اس سے 164 کی اسٹیٹمنٹ کروادینا، قانونی طور پر اس کی حیثیت نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام’’کیپٹل ٹاک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے کہا کہ 164 کا بیان دینے کیلئے سب سےضروری یہ ہے وہ بندہ اپنی مرضی سے بیان دے رہا ہو، 164 کے بیان کیلئے ملزم کو نوٹس ہوتا ہے، وہ خود موجود ہوگا اور پھر اسے جرح کا موقع دیا جائے گا۔

 نعیم پنجوتھا نے کہا کہ نگراں حکومت کہہ رہی ہے کہ عثمان ڈار کے وارنٹ موجود تھے اور گرفتاری ہوئی، ماضی میں بندہ اغوا ہوتا تھا اور اچانک سے ٹیبل پر بٹھادیا جاتا تھا اور وہ پریس کانفرنس کرتا تھا، 9 مئی کے بعد سے یہ سلسلہ چلتا رہا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہیومن شیلڈ کو استعمال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعظم خان کی سائفر کیس میں جس جگہ پر بھی اسٹیٹمنٹ لی گئی، اس کی کوئی حیثیت نہیں، 9 مئی سے لے کر اب تک پہلے کیوں کوئی بیان نہیں آیا؟ اغوا ہونے کے بعد ہی کیوں بیان سامنے آیا؟ عثمان ڈار کے حوالے سے جو کچھ لایا گیا یہ صرف ایک روپ تبدیل کیا گیا، ماضی میں پریس کانفرنس ہوتی تھیں، اب ایک ٹی وی شو میں خوشی سے آکر  بندہ بیٹھا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ عثمان ڈار کی والدہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ پی ٹی آئی نے کرنا ہے، 9 مئی کے بعد لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، سب نے دیکھا اہلخانہ پر تشدد کیا گیا، کیسے کیسز بنائے گئے، کاروبار سیل کیے گئے۔

 نعیم پنجوتھا نے مزید کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی ایسا بیان نہیں کہ جلاؤ گھیراؤ کریں، تحقیقات کی بات کوئی نہیں کرتا، پابندیوں کی بات کی جاتی ہے، بات کی جاتی ہے کہ پی ٹی آئی کے بغیر بھی الیکشن ہو سکتا ہے، کوئٹہ میں وکیل کا قتل ہوا، آدھے گھنٹے میں ایف آئی آر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ہو جاتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے تو ہر جگہ دفعہ 144 لگا دی تھی، صرف پی ٹی آئی کیلئے دفعہ 144 لگائی گئی، کسی اور جماعت کیلئے نہیں۔

پروگرام میں شریک جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ اگر عثمان ڈار کے بیان کا صحیح کراس ایگزامینیشن کیا گیا تو چیئرمین تحریک انصاف کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑ نے کہا کہ کوئی بھی کسی سے گن پوائنٹ پر سیاسی وفاداری تبدیل نہیں کروا سکتا، حدیبیہ پیپر مل ریفرنس میں اسحاق ڈار کا جو بھی بیان تھا، انہوں نے سیاسی وفا داری تو تبدیل نہیں کی، اسحاق ڈار کسی اور پارٹی میں نہیں گئے، نا انہوں نے سیاسی قیادت سے لا تعلقی کا اظہار کیا، ایک شخص ٹی وی پر آکر خوشی سے بیان دے رہا ہے، سیاست میں کوئی گن پوائنٹ نہیں ہوتا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.