اسلام آباد ہائیکورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور بیوروکریٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت، سی ڈی اے، سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردیے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
جیورسٹ فاؤنڈیشن نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر نیب تحقیقات کی استدعا کی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ یہ تو وفاقی حکومت نے دیکھنا ہے، فیصلہ تو قانون سازوں نے کرنا ہے، آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہم اس عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میں چاہتا ہوں قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی ریکوری کی جائے۔
عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری، رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹس جاری کردیا، جبکہ عدالت کی جانب سے سابق وزراء اعظم شوکت عزیز اور نواز شریف کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکریٹری داخلہ کو بھی نوٹس جاری کردیا، جبکہ نیب، وزارت ہاؤسنگ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور سی ڈی اے کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
Comments are closed.