استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اعظم خان کا بیان حقائق واضح کرنے کے لیے کافی ہے، اب مزید لوگ بھی بولیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ قوم کو گمراہ کرنے والوں کا پردہ چاک ہوا، ایک مرتبہ پھر سازشیں بے نقاب ہوئیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ جھوٹ اور گمراہ کن بیانیہ فتنے کی سیاست کو کسی طور تحفظ نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سازشی سیاست نے ملکی معیشت اور خارجہ تعلقات تباہ کر دیے۔
عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سابقہ دور میں وزیرِ اعظم ہاؤس گھناؤنی سازشوں کا گڑھ بنا رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ سائفر کو سازش بنا کر ملکی سلامتی سے کھیلا گیا، ذمے داروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔
استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر نے مزید کہا ہے کہ واضح ہو گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے رچایا گیا سائفر ڈرامہ ایک شخص کا اسکرپٹ تھا۔
عبدالعلیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس اعتراف سےثابت ہو گیا ہے کہ استحکامِ پاکستان پارٹی کیوں وجود میں آئی ہے۔
Comments are closed.