اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما اویس لغاری نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لے کر دکھا دیں، عمران آج ختم ہے۔
ن لیگی رہنما اویس لغاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ 24 مارچ کو حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں کارواں ماڈل ٹاؤن سے سفر کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کارواں کو مہنگائی مکاؤ عمران ہٹاؤ مارچ کا نام دیا گیا ہے، جس میں سندھ اور بلوچستان سے بھی لوگ آئیں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت نے ابھی سے ہمارے بینرز اتارنا شروع کر دیے ہیں، مارچ کے دوران 26 مارچ کو راولپنڈی میں عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران نیازی خود مہنگائی اور بیروزگاری ختم نہیں کر سکے، اپنے گناہ منتخب ارکان اسمبلی پر ڈال رہے ہیں، عوام انہیں معاف نہیں کرے گی۔
اویس لغاری نے یہ بھی کہا کہ عدم اعتماد تحریک آنے سے پہلے وزیراعظم عمران نیازی نے چیلنج کیا تھا، اب وزیر اطلاعات فواد چوہدری ارکان کو دھمکیاں دے رہے ہیں، اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کو تقریباً 2 ہفتے ہوگئے، حکومت اب قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلارہی ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ او آئی سی سمٹ ہونے جا رہی ہے، دوسری طرف حکومت کشیدگی کا ماحول پیدا کرنے جارہی ہے، وفاقی وزیر دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثنااللّٰہ کے احکامات پر 24 مارچ کو کارواں کا آغاز کیا جائے گا، لاہور، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور دیگر اضلاع کے لوگ مارچ میں شریک ہوں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ گوجرانوالہ شہر میں مارچ کا عظم الشان استقبال کیا جائے گا، راولپنڈی میں مارچ اختتام پذیر ہوگا اس موقع پر عظیم الشان جلسہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی خود مہنگائی اور بیروزگاری ختم نہیں کر سکے، وہ اپنی غلطیوں کا الزام ارکان اسمبلی پر ڈال رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) متحدہ اپوزیشن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز خود ارکان پارلیمنٹ اور مقامی قائدین سے مل رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی مکاؤ عمران ہٹاؤ مارچ میں حصہ لینے کے لیے بے تاب ہے، وہ عمران خان کو معاف نہیں کرنا چاہتے ہیں، حکومت نے ابھی سے ہمارے بینرز اتارنا شروع کر دیے ہیں۔
Comments are closed.