سابق قومی کرکٹر اظہر محمود کی اہلیہ نے شوہر کے آئی پی ایل کھیلنے کے دوران وہاں کی شہریت کے حوالے سے غلط خبروں کی تردید کی ہے۔
اظہر محمود کی اہلیہ ایبا قریشی نے ٹوئٹر پر ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے تصحیح کی کہ ان کے شوہر نے بھارتی شہریت نہیں لی۔
کرکٹ پر بحث کے دوران ایک بھارتی کرکٹ شائق نے ورلڈکپ کے دوران بھارت کی ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اظہر محمود نے آئی پی ایل میں کھیلنے کے لیے اپنی قومیت تبدیل کی ہے۔
ایبا قریشی شوہر پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات پر چُپ نہیں رہ سکیں اور بھارتی صارف کو جواب دے دیا۔
انہوں نے لکھا کہ اظہر محمود کے بھارتی شہری ہونے کے حوالے سے خبر بالکل غلط ہے۔
ایبا قریشی نے واضح کیا کہ اظہر کو 2003 میں برطانوی پاسپورٹ ملا کیونکہ انہوں نے مجھ سے شادی کی تھی اور میں ایک برطانوی شہری ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ آئی پی ایل سے پہلے کی بات ہے، 2012 میں وہ آئی پی ایل میں ایک ایسے وقت میں شامل ہوئے جب وہ زیادہ تر لیگز میں کھیل رہے تھے۔‘
ایبا قریشی نے لکھا کہ یہ اظہر کے لیے ایک اعزاز کی بات تھی کہ انہوں نے آئی پی ایل میں شرکت کی لیکن اپنی قومیت تبدیل نہیں کی۔
Comments are closed.