جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اشتعال انگیز گفتگو کا مقدمہ: مریم اورنگزیب کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اشتعال انگیز گفتگو کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس پر عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جج عبہر گل نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

مریم اورنگزیب آج عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئیں جبکہ جاوید لطیف سمیت دیگر شریک ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔

عدالت نے عدم پیشی پر مریم اورنگزیب کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جبکہ جاوید لطیف کے پیش ہونے پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

بعد ازاں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف بیانیہ بنایا گیا اور انہیں چور ڈاکو کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، آج ان کرداروں کے فیصلوں کو عوام بھگت رہے ہیں۔

جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ اداروں میں خود احتسابی کا سلسلہ شروع ہونا احسن قدم ہے، 2024ء کا الیکشن صاف شفاف ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.