ملک میں رواں ہفتے 31 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے ہوا، جس کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 45 اعشاریہ 50 فیصد پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ایک ہفتے کے دوران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور کمی سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 31 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ اس دوران مہنگائی مزید 1 اعشاریہ31 فیصد بڑھی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس دوران پیاز 51 روپے 52 پیسے، ٹماٹر 20 روپے 87 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118 روپے 65 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دال مونگ 17 روپے 21 پیسے، آلو 4 روپے 55 پیسے، انڈے فی درجن 8 روپے 39 پیسے مہنگے ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 31 اشیاء ضروریہ جو اس ہفتے مزید مہنگی ہوئیں، اُن میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 18 روپے 33 پیسے اور مرغی 8 روپے91 پیسے فی کلو بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس ہفتے کے دوران دال ماش، روٹی، تازہ دودھ، دہی، چینی، مٹن، ماچس، چاول، جلانے کی لکڑی، کیلے اور لہسن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے صرف 3 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments are closed.