پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کیسے فیصلہ کرسکتا ہے کہ یہ نیشنل سیکیورٹی تھریٹ تھی، تین ہفتے اپنی جیب میں پاکستان کی ساکھ کو کیوں رکھا گیا؟
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ امریکا سے آپ کو اتنی الرجی ہے تو ان کو او آئی سی میں کیوں بلایا تھا؟ آپ کو مودی سرکار کی پالیسیاں اچھی لگ رہی ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے سے کہہ رہی تھی عدم اعتماد کا ووٹ لائیں، آپ شہید ذوالفقار علی بھٹو نہیں ہو، آپ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نہیں ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے عدالت کے دروازے پر پھر کھڑے ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ یہ آئینی بحران پاکستان کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے، دوسروں کو غدار کہتے ہیں، خود کیا ہیں؟۔
شیری رحمان نے کہا کہ اسپیکر ہمیں غدار کہتے ہیں خود یہ آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوں گے، اقتصادی بحران میں آئینی بحران کو لا کھڑا کیا ہے، اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے یہ بم برسایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی ہوگا آئین، قانون کے مطابق ہوگا، ورنہ ہم بھی دما دم مست قلندر کریں گے، کل کو آپ کہہ دیں گے کہ طوفان آرہا ہے اس وجہ سے یہ ہو رہا ہے۔
Comments are closed.