مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکنِ قومی اسمبلی روحیل اصغر کی بات پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے شعر کے انداز میں جواب دیا جس سے ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔
روحیل اصغر نے وقفۂ سوالات کے دوران کہا کہ جو سوال پوچھنے والا ممبر نہیں آیا اس کا سوال کوئی اور رکن پوچھ لے۔
انہوں نے اسپیکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اجازت دے دیں گے کہ کوئی رکن نہیں تو اس کی جگہ دوسرا رکن سوال پوچھ لے؟
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آپ کی بات میں وزن ہے مگر سوال پوچھنے والے کو ایوان میں آنا چاہیے، سوال پوچھنے والے کو سوال کا پس منظر پتہ ہوتا ہے۔
انہوں نے شعر کے انداز میں کہا کہ ’میں سوال ہوں کسی اور کا اسے پوچھتا کوئی اور ہے‘۔
اسپیکر کی بات پر ایوان میں قہقہے گونجنے لگے۔
رکنِ اسمبلی ریاض پیر زادہ نے کہا کہ جو موجود ہیں پہلے ان کے سوال پوچھ لیے جائیں، بعد میں غیر حاضر رکن کے سوال لیں۔
جس پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آپ کی تجویز مناسب ہے۔
Comments are closed.